پشاور میں گندم کے نرخ آسمان پر پہنچ گئے

پشاور میں گندم کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد شہر ملک بھر میں گندم کی بلند ترین قیمتوں والے شہروں میں شامل ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور میں 40 کلوگرام گندم کی قیمت ساڑھے 4 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی ہے جس کے باعث آٹے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی اثرات مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

گندم کے نرخوں میں اضافے کے ساتھ آٹے کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے جس سے شہریوں، خصوصاً متوسط اور کم آمدن طبقے کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتیں مہنگائی کے مجموعی دباؤ میں مزید اضافہ کر سکتی ہیں، ملک کے دیگر شہروں میں بھی گندم کے نرخ بلند سطح پر برقرار ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں نئی گندم 4 ہزار 400 سے 4 ہزار 425 روپے فی 40 کلوگرام، واہ کینٹ میں 4 ہزار 450 سے 4 ہزار 470 روپے جبکہ لاہور میں 4 ہزار 250 سے 4 ہزار 275 روپے فی 40 کلوگرام فروخت ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روٹی بھی مہنگی، نان بائیوں نے خود ساختہ اضافہ کردیا

سندھ میں بھی گندم کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ کراچی میں نئی گندم 11 ہزار 600 سے 11 ہزار 650 روپے فی 100 کلوگرام، حیدرآباد میں 11 ہزار 450 سے 11 ہزار 500 روپے جبکہ نوری آباد میں 11 ہزار 500 سے 11 ہزار 550 روپے فی 100 کلوگرام تک رپورٹ کی گئی ہے۔

Scroll to Top