عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر ایران اور امریکا کی جانب سے مکمل عملدرآمد سے خطے کی سکیورٹی صورتحال بہتر ہوگی۔
یہ بات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے دورۂ عمان کے دوران مسقط میں ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی، دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور آبنائے ہرمز سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے آرٹیکل 5 کے مطابق آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے مؤثر طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے ایران اور عمان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے رہبرِ شہید کی آخری رسومات کے موقع پر عمانی حکومت کی جانب سے اظہارِ تعزیت اور عمانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔





