بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے اہم سرغنہ عادل شاہ عرف درویش کو ہلاک کر دیا ہے۔
آپریشن “رد الفتنہ 3” کے تحت مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے کلی نسائی میں کارروائی کی انتہائی مطلوب خارجی عادل شاہ عرف درویش مارا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجی عادل شاہ عرف درویش سال 2020 سے فتنہ الخوارج سے منسلک تھا اور اس نے افغانستان میں دہشت گردی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی جس کے بعد وہ پاکستان میں کارروائیوں کے لیے داخل ہوا تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اس کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
ہلاک ہونے والا خارجی سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں براہِ راست ملوث اور انتہائی مطلوب تھا۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کے الزامات مسترد، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف پاکستان کے سخت اقدامات کا اعلان
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے۔





