فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، ترک حکام نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، جہاں ترک حکام نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ترکیہ کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی، عسکری روابط اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ کی عسکری اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے، پیشہ ورانہ روابط کے استحکام اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے تناظر میں اس دورے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق اعلیٰ سطحی ملاقاتیں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔





