خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام چلنے والے ریڈیو اسٹیشن ریڈیو میزان نے جدید ڈیجیٹل تقاضوں کو پورا کرنے اور پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو کو فعال کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ریڈیو میزان کی اسٹیشن ڈائریکٹر نے پختون ڈیجیٹل پشاورکے ڈائریکٹر نیوز کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا ہےجس میں ریڈیو کے تکنیکی عملے کے لیے پوڈ کاسٹ پروڈکشن کے حوالے سے ایک ہفتے کے خصوصی تربیتی پروگرام کی درخواست کی گئی ہے۔
ارسال کیے گئے خط کے مطابق اس تربیت کا بنیادی مقصد عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانا اور اسٹوڈیو میں دستیاب جدید آلات کا موثر استعمال یقینی بنانا ہے،تاکہ اکیڈمی کے بنیادی ہدف کے مطابق جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام الناس تک قانونی آگاہی اور شعور کو موثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔
مراسلے کے مطابق اس ایک ہفتے کے تربیتی کورس کے لیے ریڈیو میزان کے تین ارکان، جن میں پروڈیوسر شاہ فیصل رضا، نیوز ایڈیٹر امجد علی خان اور براڈکاسٹ انجینئر انعام اللہ شامل ہیں، کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس مجوزہ تکنیکی تربیت کے دوران عملے کو پوڈ کاسٹ پروڈکشن ورک فلو، اسٹوڈیو مینجمنٹ، پروفیشنل کیمرہ سیٹ اپ، فریمنگ، اسٹوڈیو لائٹنگ کی تکنیک، مائیکروفون کا درست استعمال اور آڈیو ریکارڈنگ کے طریقے سکھائے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 2روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے
اس کے ساتھ ساتھ جدید سافٹ ویئر پر ویڈیو ایڈیٹنگ، پوڈ کاسٹ برانڈنگ، گرافکس اور پوسٹ پروڈکشن جیسے اہم شعبے بھی اس تربیت کا حصہ ہوں گے تاکہ پروڈکشن کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔





