کاشف الدین سید
خیبرپختونخوا حکومت کی سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکی۔
اسکولوں میں 11 لاکھ 61 ہزار 203 نئے داخلوں کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم اب تک صرف 4 لاکھ 41 ہزار 623 طلبہ داخل ہو سکے یوں ہدف کا صرف 38 فیصد حاصل کیا جا سکا۔
دستاویزات کے مطابق سرکاری اور نجی اسکولوں کے لیے مجموعی طور پر 19 لاکھ 72 ہزار 338 نئے داخلوں کا ہدف رکھا گیا تھا لیکن اب تک صرف 8 لاکھ 90 ہزار 302 نئے داخلے رپورٹ ہوئے، جس کے باعث مجموعی داخلہ شرح 47 فیصد رہی۔
ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق سرکاری اسکولوں میں سمسٹر سسٹم کے نفاذ اور تعلیمی سیشن میں تاخیر داخلہ مہم کی سست روی کی بڑی وجوہات رہیں۔ محکمہ تعلیم کی داخلہ مہم چار ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہی، تاہم کئی سرکاری اسکولوں میں تاحال نیا تعلیمی سیشن شروع نہیں ہو سکا اور نصابی کتابیں بھی فراہم نہیں کی جا سکیں۔
دوسری جانب نجی اسکولوں کو 3 لاکھ 98 ہزار 587 نئے داخلوں کا ہدف دیا گیا تھا مگر انہوں نے ہدف سے بڑھ کر 4 لاکھ 47 ہزار 724 طلبہ کو داخلہ دیا۔
ذرائع کے مطابق نجی اسکولوں نے اپریل میں نیا تعلیمی سال شروع کر دیا تھا جس کے باعث وہ اپنے اہداف بہتر انداز میں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں پیشہ ور گداگری کے خاتمے کے لیے نیا قانون متعارف، بچوں سے بھیک منگوانے پر سخت سزائیں تجویز
گزشتہ تعلیمی سیشن سرکاری اسکولوں میں مئی میں اختتام پذیر ہوا جس سے نئی داخلہ مہم مزید متاثر ہوئی۔





