وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اورایم پی اے عبدالغنی آفریدی کی ملاقات،اندرونی کہانی سامنے آگئی

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اورایم پی اے عبدالغنی آفریدی کی ملاقات،اندرونی کہانی سامنے آگئی

شاہدجان

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اورپی ٹی آئی ایم پی اے عبدالغنی آفریدی کے درمیان ملاقات میں حکومت نے ان کے تمام تحفظات اور شکایات کو دور کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

اس اہم بیٹھک میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی اور صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران حلقہ پی کے 71 سے متعلق تمام انتظامی امور، شکایات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے اپنے حلقے کو درپیش مسائل، ترقیاتی کاموں کی صورتحال اور سرکاری معاملات میں غیر ضروری مداخلت سے متعلق تمام حقائق وزیراعلیٰ کے سامنے رکھے۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے عبدالغنی آفریدی کی تمام شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کراتے ہوئےکہا کہ آپ اس حلقے کے منتخب عوامی نمائندے ہیں اور آپ کے حلقے کے معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ آپ کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، جس کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے موقع پر ہی تمام سرکاری محکموں اور متعلقہ اداروں کو سخت ہدایت جاری کی کہ حلقہ پی کے 71 میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی امور کے حوالے سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی کے ساتھ مکمل رابطہ اور کوآرڈینیشن رکھا جائے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ گھر کے معاملات گھر کے اندر ہی حل ہونے چاہئیں،اختلافات یا تحفظات کو باہمی مشاورت سے دور کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : مالاکنڈ اور ضم اضلاع میں ٹیکسوں کا نفاذ یکسر مسترد، اے این پی کے لویہ جرگہ کا اعلامیہ جاری

انہوں نےکہاکہ ایسے معاملات کو سوشل میڈیا پر لانے کے بجائے پارٹی اور حکومتی فورمز پر حل کرنا زیادہ مناسب اور مؤثر طریقہ ہے۔

Scroll to Top