امریکی فوج کے ایرانی ٹھکانوں پر مزید حملے، ایران کا بھی جوابی حملہ

امریکا نے ایران پر مزید حملے شروع کر دیئے جبکہ ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین اور کویت میں دشمن کے اسلحہ ذخائر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے خلاف مزید فضائی حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔

سینٹ کام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آج امریکی افواج نے ایران پر حملوں کا ایک اضافی مرحلہ شروع کیا۔

بیان کے مطابق ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والی ایران کی عسکری صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔

سینٹ کام نے کہا کہ یہ حملے ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب امریکی افواج ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کے خلاف بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، فوجی ترجمان

بیان کے مطابق یہ بحری ناکہ بندی امریکی وقت کے مطابق شام 4 بجےسے نافذ کی جائے گی۔

ادھرایرانی پاسداران انقلاب فورس نے اعلان کیا ہے کہ بحرین اور کویت میں دشمن کے اسلحہ ذخائر کو نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ جب تک جارح امریکا موجود رہےگا، تیل و گیس خطے سے باہر نہیں جائےگا، امریکا کے جارحانہ اقدامات کا ہرمز کُھلنے میں تاخیر کے سوا کوئی نتیجہ نہیں۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کویت کی علی سالم ائیربیس میں ڈرون لانچنگ پیڈ کو نشانہ بنایا، کویت میں حملے ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کئے گئے۔

Scroll to Top