افواج پاکستان ہماری ریڈ لائن، اس کے خلاف کوئی بھی بات قابل قبول نہیں،بلاول بھٹو زرداری

 چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاک افواج کے خلاف کوئی بھی بات قابل قبول نہیں ہے اور وہ ہماری ریڈ لائن ہیں۔

مظفرآباد میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل افواج پاکستان نے مودی کو عبرتناک شکست دی تھی۔ عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا جاتا ہے جب کہ فیلڈ مارشل کی عسکری بصیرت کی بھی دنیا معترف ہے۔

انہوں نے کشمیر کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ایک ماہ سے آزاد کشمیر کی صورتحال پر سب پریشان ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ اس تشویشناک صورتحال کا درمیانی راستہ نکالا جائے تاکہ کشمیر کاز کو نقصان نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف کوئی بھی غلط بات ہمارے لیے انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے اور ان کے دکھ درد کو ہم اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کا پسینہ گرے گا تو ہمارا خون گرے گا، کیونکہ کشمیریوں کو تکلیف پہنچتی ہے تو ہمیں بھی تکلیف ہوتی ہےاور اگر کشمیریوں کو کچھ ہوتا ہے تو گویا ہمیں للکارا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہداء ہمارا فخر ہیں، گورنر خیبرپختونخوا نے فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لے لیا، مولانا سے معافی کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرنا ہماری ذمہ داری ہےجب تک آزاد کشمیر کے حالات خراب رہیں گے تب تک کشمیر کاز کو بھی نقصان پہنچتا رہے گا۔

Scroll to Top