ماہرینِ جلد کے مطابق ناخن صرف خوبصورتی کا حصہ نہیں بلکہ جسم کے اندرونی حالات کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔
ناخنوں میں آنے والی بعض تبدیلیاں مختلف بیماریوں کی ابتدائی علامات ہو سکتی ہیں، جنہیں نظر انداز کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکی ماہرینِ جلد ڈاکٹر اینیٹ زرنک اور ڈاکٹر شمسہ کنول کے مطابق ناخنوں میں ہونے والی پانچ نمایاں تبدیلیاں صحت کے مسائل کی طرف اشارہ کر سکتی ہیں۔
ناخنوں کا مڑ جانا دل اور پھیپھڑوں کے مسائل کا اشارہ
اگر انگلیوں کے سرے سوج کر گول ہو جائیں اور ناخن نیچے کی جانب مڑنے لگیں تو اسے طبی اصطلاح میں “کلبنگ” کہا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کیفیت خون میں آکسیجن کی طویل عرصے تک کمی کے باعث پیدا ہو سکتی ہے اور پھیپھڑوں کے سنگین امراض یا دل کے بعض مسائل سے منسلک ہو سکتی ہے۔
ناخنوں کا اندر کی طرف دھنس جانا خون کی کمی کی علامت
اگر ناخن درمیان سے چمچ کی طرح اندر کی طرف دب جائیں تو یہ جسم میں آئرن کی کمی یا اینیمیا کی نشانی ہو سکتی ہے۔ آئرن کی کمی ناخنوں کو کمزور کر دیتی ہے جس کے باعث ان کی ساخت متاثر ہو سکتی ہے۔
ناخن پر سیاہ یا بھوری لکیریں جلد کے کینسر کا خطرہ
ماہرین کے مطابق اگر کسی چوٹ کے بغیر ناخن پر اچانک لمبائی میں سیاہ یا بھوری لکیر نمودار ہو تو اسے معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے باوجود پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے سرکاری گاڑیاں اور مراعات لینے کا انکشاف
بعض صورتوں میں یہ ناخن کے نیچے ہونے والے خطرناک جلدی کینسر “میلانومہ” کی علامت ہو سکتی ہے، جس کی بروقت تشخیص ضروری ہے۔
ناخنوں کا ٹوٹنا اور تہہ اترنا تھائیرائڈ یا غذائی کمی
بار بار ناخن ٹوٹنا، کمزور ہونا یا تہہ اترنا صرف بیرونی عوامل کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ یہ تھائیرائڈ کی خرابی، زنک، بائیوٹن اور وٹامن بی 12 کی کمی کی طرف بھی اشارہ کر سکتا ہے۔
ناخنوں کی رنگت میں تبدیلی انفیکشن یا آکسیجن کی کمی
ناخنوں کے اردگرد سرخی اور سوجن انفیکشن کی علامت ہو سکتی ہے، جبکہ ناخنوں کا نیلا پڑ جانا جسم میں آکسیجن کی کمی کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ اسی طرح ناخنوں کا پیلا ہونا بعض اوقات جگر یا سانس سے متعلق مسائل کی طرف اشارہ کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ناخنوں میں غیر معمولی اور مسلسل تبدیلیاں نظر آئیں تو خود تشخیص کے بجائے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے، کیونکہ بعض علامات بروقت بیماری کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔





