بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک

بنوں: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں واقع گل بہار چوک کے قریب پولیس اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی، جس دوران سیکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں 3 نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں دونوں جانب تقریباً 40 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر لیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں فرقان بلال کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، تاہم فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت اور کرمنل پروفائلنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ تصدیق مکمل ہونے کے بعد ان کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 5 کلاشنکوفیں، 10 میگزین، 5 بنڈولیئر، 2 ہینڈ گرینیڈز اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فرار دہشتگردوں کی گرفتاری تک سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن پر خیبرپختونخوا پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے 5 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ خوارجیوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے والے وطن کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سوات کے امن دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ، پاک آرمی اور پولیس کا مشترکہ آپریشن

وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن دشمن عناصر کو کسی صورت پنپنے نہیں دیا جائے گا اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

ادھر انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بنوں میں کامیاب کارروائی پر سوات ٹیم اور مقامی پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں اور نیٹ ورکس کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ دہشتگردی کے ڈھانچے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

ذوالفقار حمید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور دہشتگردوں کا ان کے محفوظ ٹھکانوں تک تعاقب کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Scroll to Top