وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ایندھن کی کوئی قلت نہیں ہےتاہم منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور کی زیر صدارت ملک میں گندم اور پٹرولیم مصنوعات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے گندم کی طلب و رسد اور پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے بتایا کہ اس وقت صوبوں میں گندم کی سپلائی اور مانگ معمول کے مطابق ہے۔
احد چیمہ نے چیف سیکریٹریز کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث پیٹرول پمپس اور کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے لیے بھرپور تعاون فراہم کریں۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ جائز کاروبار کرنے والوں کو بلاوجہ ہراساں نہیں کیا جائے گا، لیکن قانون ہاتھ میں لینے والوں کو معافی نہیں ملے گی۔
وفاقی وزیر نے گندم کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صوبے میں گندم کی اضافی طلب کو پاسکو کے ذخائر سے فوری پورا کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے وزیراعظم کی اہم ہدایات جاری
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں اور عوام کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہےاس لیے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف بھی مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔





