بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کا خواب دیکھنے والے طلبہ کیلئے اہم اعلان

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کیلئے کامن ویلتھ اور چائنیز گورنمنٹ اسکالرشپس کے لیے اسپیشل ہائر ایجوکیشن اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ (HAT) کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرشپس کے حصول کے خواہشمند امیدواروں کیلئے اسپیشل ہیٹ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اس کے بغیر کامن ویلتھ اور چائنیز گورنمنٹ اسکالرشپس کیلئے درخواست قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق اسپیشل ہیٹ ٹیسٹ کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 19 جولائی 2026 سے ہوگا، جبکہ امیدوار 3 اگست 2026 تک ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل پر اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکیں گے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بتایا کہ اسپیشل ہیٹ ٹیسٹ 30 اگست 2026 کو منعقد کیا جائے گا، جس کے انتظامات ایچ ای سی کی ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ETC) کے ذریعے کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک

ایچ ای سی کے مطابق اسپیشل ہیٹ ٹیسٹ کا مقصد اسکالرشپ پروگرامز کیلئے امیدواروں کی تعلیمی صلاحیت اور اہلیت کا جائزہ لینا ہے تاکہ میرٹ کی بنیاد پر اہل طلبہ کا انتخاب کیا جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کامن ویلتھ اور چائنیز گورنمنٹ اسکالرشپس پاکستانی طلبہ کیلئے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے اہم مواقع فراہم کرتی ہیں، جن کے ذریعے امیدوار مختلف شعبوں میں ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔

ایچ ای سی نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن، ٹیسٹ شیڈول اور دیگر ضروری معلومات کیلئے کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور مقررہ مدت کے اندر تمام مراحل مکمل کریں۔

Scroll to Top