تخت بھائی میں کارڈیالوجی یونٹ کی منتقلی پر سیاسی و سماجی تنظیموں کا احتجاج، تحریک چلانے کا اعلان

خلیل اللہ مہمند

مردان: تخت بھائی کی سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں نے ایاز شہید تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کیلئے منظور شدہ کارڈیالوجی یونٹ (F.I.C) کی مبینہ منتقلی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔

تخت بھائی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق تحصیل ناظم و مرکزی انجمن تاجران تخت بھائی کے صدر حاجی معزاللہ خان، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حاجی دوست محمد درویش، پیپلز پارٹی مردان ڈویژن کے نائب صدر عرفان مہمند، تخت بھائی عوامی کونسل کے سیکرٹری مالیات محمد یونس ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے کارڈیالوجی یونٹ کی تخت بھائی سے منتقلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایاز شہید تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کیلئے منظور شدہ کارڈیالوجی یونٹ کو سیاسی بنیادوں پر مردان اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ ناانصافی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تخت بھائی ملاکنڈ ڈویژن کا گیٹ وے اور آبادی کے لحاظ سے اہم تحصیل ہے، جبکہ گزشتہ کئی برسوں سے علاقہ بڑے ترقیاتی منصوبوں سے محروم رہا ہے۔

شرکاء نے دعویٰ کیا کہ تقریباً پانچ ارب روپے مالیت کا یہ منصوبہ سابق مشیر صحت احتشام خان ایڈووکیٹ کی کوششوں سے منظور ہوا تھا اور اس کی فزیبلٹی رپورٹ بھی تیار کی جا چکی تھی، تاہم بعد ازاں اسے تخت بھائی سے مردان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مردان میں جلالہ خوڑ میں 13 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق، ریسکیو ٹیم نے لاش نکال لی

پریس کانفرنس میں رہنماؤں نے بتایا کہ اس معاملے پر علاقے کے منتخب اراکین اسمبلی احتشام خان ایڈووکیٹ اور افتخار علی مشوانی سے ملاقاتیں بھی کی گئی ہیں، جنہوں نے فیصلے پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

سیاسی و سماجی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، منتخب نمائندوں اور تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ کارڈیالوجی یونٹ کی منتقلی کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو تخت بھائی کے عوام کے حقوق کیلئے بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔

Scroll to Top