پنجاب سے سپلائی بند، خیبرپختونخوا میں آٹے کی قلت کا خطرہ بڑھ گیا

خیبرپختونخوا میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، 50 کلو گندم کی قیمت 6400 روپے تک پہنچ گئی جبکہ آٹے کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب سے گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی برقرار ہے جس کے باعث صوبے میں آٹے کی قلت کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد میدہ 170 روپے، سوجی 180 روپے اور نشاستہ 200 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فائن آٹے کی قیمت 150 سے بڑھ کر 160 روپے فی کلو جبکہ چکی آٹا 140 سے بڑھ کر 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی بے قابو، آٹا پھر مہنگا ہوگیا، قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی کے باعث صوبے میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ کاروباری افراد نے قیمتوں میں مزید اضافے کے امکان کے پیش نظر آٹے کا ذخیرہ شروع کر دیا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top