خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے صوبے میں 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور فلش فلڈ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے حساس علاقوں میں ایمرجنسی مشینری، امدادی سامان اور ریسکیو ٹیموں کی پیشگی تعیناتی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوامیں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور برساتی نالوں کو عبور نہ کریں، جبکہ سیاح ندی نالوں کے قریب جانے سے احتیاط کریں۔

پی ڈی ایم اے نے کسانوں اور مویشی پال حضرات کو بھی فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top