مہنگائی بے قابو، آٹا پھر مہنگا ہوگیا، قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

مہنگائی بے قابو، آٹا پھر مہنگا ہوگیا، قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فائن اور ڈھائی نمبر آٹے کی قیمتیں 13 روپے فی کلو تک بڑھ گئی ہیں۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن جنید عزیز کے مطابق گزشتہ 15 دنوں کے دوران گندم کی قیمتوں میں دو مرتبہ اضافہ ہوا، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کے مطابق ڈھائی نمبر آٹا 119 روپے فی کلو سے بڑھ کر 132 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے، جبکہ فائن آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق گندم کی فی کلو قیمت 106 روپے سے بڑھ کر 118 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس نے آٹے کی مجموعی لاگت پر براہِ راست اثر ڈالا ہے۔

جنید عزیز نے کہا کہ اگر گندم کی قیمتوں میں اضافہ اسی طرح جاری رہا تو حکومت کو فوری طور پر گندم درآمد کرنا پڑے گی۔ ان کے مطابق حکومت جتنی جلدی درآمد کا فیصلہ کرے گی، عوام کو اتنا ہی ریلیف مل سکے گا، جبکہ تاخیر کی صورت میں فائدہ ذخیرہ اندوزوں کو ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو کم از کم 3 سے 4 ملین ٹن گندم درآمد کرنا پڑ سکتی ہے تاکہ مارکیٹ میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ درآمدی فیصلہ ملکی ضرورت کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ کسانوں کو نقصان نہ ہو۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں موسم گرما کے دوران ماہانہ 20 سے 22 لاکھ بوری آٹے کی کھپت ہوتی ہے، جبکہ سردیوں میں یہ استعمال بڑھ کر 26 لاکھ بوری تک پہنچ جاتا ہے۔

Scroll to Top