وزیر اعظم شہباز شریف کا یوم الحاق پاکستان پر خصوصی پیغام

وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کی جرات، استقامت اور لازوال قربانیوں کو زبردست سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کی قرارداد کشمیری مسلمانوں کی اجتماعی سیاسی امنگوں کی آئینہ دار اور سچی عکاس تھی، جس میں کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی دلی خواہش کا اظہار کیا گیا تھا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کیا کہ یومِ الحاقِ پاکستان دراصل کشمیری عوام اور پاکستان کے درمیان تاریخی ورثے اور مضبوط رشتے کی ایک لازوال علامت ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت اور ان کی خواہشات کا احترام ہر صورت ناگزیر ہے کیونکہ حقِ خودارادیت کشمیریوں کا ایسا ناقابلِ تنسیخ حق ہے جس سے انہیں محروم نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ہمیشہ ثابت قدم رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری کو یاد دلایا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام صرف اور صرف مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل سے ہی مشروط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے قافلے پر فائرنگ، سکیورٹی گارڈ جاں بحق،متعدد زخمی

انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ان کی آزادی کی جدوجہد تک ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔

Scroll to Top