پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے چیئرمین پی پی پی کو صوبے کی مجموعی سیاسی، انتظامی اور دہشت گردی کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ زیارت سانحہ کے لواحقین کی دلجوئی اور ان کے مطالبات کی تکمیل کے لیے صوبائی حکومت نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جبکہ لواحقین کے مطالبے پر سانحے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں قیامِ امن سے متعلق جلد آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلائی جائے گی، جس میں پارلیمان سے باہر موجود سیاسی جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور مودی کی تعریف،عمران خان کی بہن نورین نیازی کو این سی سی آئی اے کا نوٹس جاری
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردی کے سانحات میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کا درد بخوبی محسوس کر سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے اور بلوچستان کے سیاسی مسائل کا واحد حل صرف اور صرف مذاکرات ہیں۔





