عمران خان ہوں یا فضل الرحمن، کسی کو فوج کا فخر چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، ملک احمد خان

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان ہوں یا فضل الرحمن، کسی کو فوج کا فخر چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ‘دہشت گردی کے سدباب کے لیے فوج کے کردار’ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب پاک فوج کا نام آئے تو لوگ عقیدت سے کھڑے ہو جاتے ہیں، اس لیے عمران خان ہوں یا مولانا فضل الرحمن، کسی کو بھی فوج کا فخر چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 انہوں نے واضح کیا کہ فوج کے سیاسی کردار پر بہت تنقید کی جا رہی ہے، لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو بھی فوج کا سیاسی کردار اس وقت تک قابلِ قبول تھا جب تک انہیں حکومت مل رہی تھی، جبکہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے نیب کا بے دریغ استعمال کیا۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ ماضی میں جنرل پرویز مشرف کو باوردی صدر تسلیم کرانے کے لیے انہوں نے بھی ووٹ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان اسمبلی میں مولانا فضل الرحمان کے بیان کی مذمت، شہداء کے حق میں متفقہ طور پر قرارداد منظور

جے یو آئی (ف) کے سربراہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ان کے لیے انتہائی قابلِ احترام شخصیت ہیں، تاہم شہداء کے حوالے سے جوشِ خطابت میں شاید ان سے ایسے الفاظ ادا ہو گئے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر خصوصی زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد کا مظاہرہ کرنا اور ریاستی اداروں کی لازوال قربانیوں کا دل سے اعتراف کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔

Scroll to Top