گلگت بلتستان اسمبلی میں پاک فوج کےشہداء کے حق میں ایک اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔
یہ قرارداد استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رکن محمد علی کی جانب سے پیش کی گئی جس میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے شہداء کے لواحقین اور پوری قوم کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں جبکہ وطن کے شہداء پوری قوم کے اصل ہیرو ہیں اور ان کا احترام ہر پاکستانی پر فرض ہے۔
قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پوری قوم کو پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے اور جی بی اسمبلی مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے تمام شہدا کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
قرارداد کے ذریعے تمام سیاسی و مذہبی قیادت سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی ذمہ دارانہ بیانات دیں اور ایسے کسی بھی تبصرے سے مکمل گریز کریں جس سے شہدا اور قومی اداروں کے وقار کو ٹھیس پہنچتی ہو۔
یہ بھی پڑھیں : مولانافضل الرحمان کے ماضی پر ارباب خضر حیات کے سوالات، لیگی رہنما کا شہداء سے متعلق بیان پر آرٹیکل 6 کا مطالبہ
جی بی اسمبلی نے اس موقع پر وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پختہ عزم کا بھی اظہار کیا۔





