پشاور کے علاقے بڈھ بیر روڈ پر زیرِ تعمیر عمارت کا ایک حصہ گرنے کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 20 سالہ نوجوان مزدور جاں بحق ہو گیا۔
افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے زنگلی ٹیلا، بند بڈھ بیر روڈ پر پیش آیا جہاں ایک عمارت میں تعمیراتی کام جاری تھا، کام کے دوران اچانک عمارت کا ایک حصہ نیچے آ گرا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود 20 سالہ مزدور، جس کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی ہے، ملبے کے نیچے دب گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 پشاور کی امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں، ریسکیو اہلکاروں نے بروقت اور تیز رفتار آپریشن کرتے ہوئے ملبے کو ہٹا کر نوجوان مزدور عامر کو باہر نکالا۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق مزدور کو انتہائی تشویشناک حالت میں ملبے سے نکال کر فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مریدکے میں خوفناک ٹریفک حادثہ، دو مسافر بسیں کھیتوں میں جاگریں، 4 افراد جاں بحق
ہسپتال ذرائع اور ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان عامر شدید چوٹوں کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا۔





