امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے گھر خوشیوں کی آمد، ہر طرف سے مبارکبادیں، چوتھی بار والد بن گئے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر انہیں دنیا بھر سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔ جوڑے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس کا نام الیک نیل وینس رکھا گیا ہے۔
جے ڈی وینس اور اوشا وینس کے مطابق ان کا بیٹا اتوار کے روز میری لینڈ کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں پیدا ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں، جبکہ خاندان کے دیگر افراد بھی نومولود کی آمد پر بے حد خوش ہیں۔
جے ڈی وینس اور اوشا وینس کی ملاقات ییل لا اسکول میں طالب علمی کے دوران ہوئی تھی، جہاں سے ان کے تعلق کا آغاز ہوا۔ دونوں نے 2014ء میں شادی کی تھی۔ اس جوڑے کے پہلے بیٹے ایون کی پیدائش 2017ء، دوسرے بیٹے وویک کی پیدائش 2020ء اور بیٹی میرا بیل کی پیدائش 2021ء میں ہوئی تھی۔
وائٹ ہاؤس ہسٹوریکل ایسوسی ایشن کے مطابق الیک نیل وینس 150 سال سے زائد عرصے میں کسی موجودہ امریکی نائب صدر کے ہاں پیدا ہونے والا پہلا بچہ ہے۔ اس سے قبل نائب صدر شوائلر کولفیکس کے ہاں 1870ء میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ جے ڈی وینس ماضی میں امریکی بحریہ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور امریکا میں شرحِ پیدائش میں کمی پر کئی مواقع پر تشویش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2025ء میں ’مارچ فار لائف‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکا میں زیادہ بچوں کی پیدائش دیکھنا چاہتے ہیں۔
نومولود کی آمد کے بعد جے ڈی وینس کے خاندان میں خوشی کا ماحول ہے، جبکہ سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھی نائب صدر اور ان کے اہل خانہ کو مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔





