ناران کاغان کی سیر ایک افسوسناک حادثے میں بدل گئی، جہاں سیاحوں کی گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے دو نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خان پور سے ناران کاغان کی سیر کے لیے جانے والی کار کاغان کی پہاڑی سڑک پر حادثے کا شکار ہوئی اور بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں خان پور کا رہائشی 22 سالہ حمزہ قدیر اور نواب شاہ کا رہائشی 20 سالہ عرفان مغل شامل ہیں، دونوں آپس میں کزن تھے۔ ریسکیو حکام کے مطابق عرفان مغل اپنے کزنز کے ہمراہ سیرو تفریح کے لیے ناران کاغان گیا تھا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں اسامہ بھی شامل ہے، جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع خان پور پہنچتے ہی شہر کی فضا سوگوار ہوگئی اور جاں بحق نوجوانوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا۔ دونوں نوجوانوں کی میتیں آبائی علاقوں خان پور اور نواب شاہ روانہ کر دی گئی ہیں۔





