افغانی شہری جعلی شناختی کارڈ سکینڈل، ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سمیت 4 اہم کارندے گرفتار

افغانی شہری جعلی شناختی کارڈ سکینڈل، ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا سمیت 4 اہم کارندے گرفتار

نادرا افسران سمیت 4 افراد گرفتار، افغان شہریوں کیلئے جعلی دستاویزات بنانیوالا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، اہم انکشافات سامنے آگئے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی شناختی دستاویزات تیار کرنے میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعام الحق، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیاض احمد، نادرا کے چوکیدار جنید احمد اور پرائیویٹ ایجنٹ محمد عمر شاہ شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث تھے۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی شواہد سے مذکورہ نیٹ ورک کے ممکنہ طور پر دہشتگرد عناصر سے روابط کی نشاندہی ہوئی ہے، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔

کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران مزید انکشافات اور گرفتاریوں کا امکان ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top