دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور خانکی کے بعد ہیڈ قادرآباد پر بھی اونچے درجے کا سیلاب

ملک کے مختلف دریاؤں میں مون سون بارشوں اور بالائی علاقوں سے پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور خانکی کے بعد ہیڈ قادرآباد پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ہیڈ قادرآباد پر پانی کی آمد 2 لاکھ 36 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث متعلقہ علاقوں میں نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بڑھ کر 73 ہزار 635 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بدستور نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ بیراج پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔

بلوچستان میں سبی ڈویژن کے دریائے لہڑی میں ہیڈ گوگی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ 95 ہزار 913 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

دوسری جانب سیالکوٹ میں دریائے چناب میں پھنسنے والے پانچوں افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق یہ افراد کام کے سلسلے میں دریا کے پار گئے تھے، تاہم واپسی پر ان کی کشتی خراب ہونے کے باعث وہ دریا میں پھنس گئے تھے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے بعد بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں سیلابی صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس پیش نظر سیالکوٹ اور وزیرآباد سمیت ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top