ڈیرہ اسماعیل خان: کوٹ اللہ داد میں پینے کے پانی کا بحران، شہری پریشان

ڈیرہ اسماعیل خان: تحصیل درابن کلاں کے گاؤں کوٹ اللہ داد میں پینے کے صاف پانی کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق پانی کی عدم دستیابی کے باعث خواتین، بزرگ شہری اور کمسن بچیاں دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صاف پانی کی قلت کے باعث کئی خاندان آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے معدے، آنتوں اور دیگر پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

رہائشیوں نے بتایا کہ پینے کے پانی کے مسئلے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور منتخب نمائندوں کو متعدد بار آگاہ کیا جا چکا ہے، تاہم تاحال مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں : سام سنگ نے نئی فولڈ ایبل اسمارٹ فون سیریز متعارف کرا دی

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ صاف پینے کا پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکومت فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے پانی کی فراہمی یقینی بنائے۔

مقامی آبادی نے خبردار کیا ہے کہ اگر صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

Scroll to Top