خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کو خواتین، اقلیتوں، بچوں اور نوجوانوں کی پارلیمانی شمولیت کے فروغ پر سال 2026 کا عالمی پارلیمانی مساوات اور تنوع کا اعزاز (Global Parliamentary Equality and Diversity Award) دیا گیا ہے۔
17 ستمبر کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں منعقدہ 69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے موقع پر یہ اعزازسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کے نام کیا گیا۔
پاسپورٹ سے متعلق قانونی رکاوٹ کے باعث اسپیکر بابر سلیم سواتی خود تقریب میں شرکت کے لیے کیپ ٹاؤن نہ پہنچ سکے جس کے بعد رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی اور سیکریٹری اسمبلی سید وقار شاہ نے ان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ عالمی اعزاز وصول کیا۔
اسپیکر بابر سلیم سواتی کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں مختلف محروم طبقات کے لیے پارلیمانی کاکسز کے قیام، پانی کی فراہمی، صفائی اور حفظانِ صحت (WASH) سے متعلق مؤثر قانون سازی اور اقدامات اس بین الاقوامی اعزاز کی بنیاد بنے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد: پی ٹی آئی مارچ کے لیے سرکاری افسران اور وسائل کے استعمال پر پابندی عائد
اعزاز وصول کرنے کے بعد اپنے بیان میں رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کو عالمی سطح پر اس ایوارڈ سے نوازا جانا صوبائی پارلیمان کی بہترین کارکردگی اور بین الاقوامی شناخت کا ایک بڑا اعتراف ہے۔





