اسلام آباد: یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں شہریوں کو مسلسل تین روزہ تعطیلات میسر آئیں گی، جس سے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور سیروتفریح کا موقع ملے گا۔
رواں سال 14 اگست بروز جمعہ یومِ آزادی کی سرکاری تعطیل ہوگی، جبکہ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی ہفتہ وار چھٹیاں ہوں گی۔ اس طرح شہریوں کو مسلسل تین دن آرام اور تفریح کا موقع حاصل ہوگا۔
عام طور پر طویل تعطیلات کے دوران لوگ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سیاحتی مقامات کا رخ کرتے ہیں، مختلف شہروں کا سفر کرتے ہیں یا دیگر تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : محمد عباس نے ٹیسٹ کرکٹ میں سابق کپتان عمران خان کو پیچھے چھوڑ دیا
یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں قومی پرچم کشائی، خصوصی تقریبات، ریلیوں اور جشنِ آزادی کی مختلف رنگا رنگ سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ شہری اپنے گھروں، بازاروں، شاہراہوں اور سرکاری و نجی عمارتوں کو قومی پرچموں، سبز و سفید جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا کر وطن سے محبت کا اظہار کریں گے۔





