نادرا نے شہریوں کے لیے مفت آئرس اسکین سہولت متعارف کرا دی

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی شناختی معلومات کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ملک بھر کے تمام نادرا دفاتر میں مفت آئرس اسکین کی سہولت فراہم کر دی ہے۔

نادرا کے مطابق آئرس اسکین کی سہولت کے ذریعے شہریوں کی شناختی معلومات کے تحفظ اور بائیومیٹرک تصدیق کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ اس جدید طریقہ کار میں آنکھ کی پتلی کی اسکیننگ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی جاتی ہے۔

نادرا کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی شناختی معلومات کو محفوظ بنانے کے لیے ملک بھر کے کسی بھی نادرا رجسٹریشن مرکز سے مفت آئرس اسکین کی سہولت حاصل کریں۔

ادارے کے مطابق تمام شہری، جن میں 3 سال یا اس سے زائد عمر کے بچے بھی شامل ہیں، اپنے قریبی نادرا دفتر کا دورہ کر کے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : جعلی بلیو ٹک کے چکر میں صارفین اپنا اکاؤنٹ کیسے گنوا سکتے ہیں؟ جانیں

نادرا نے والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے 3 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کو نادرا دفاتر لے کر جائیں تاکہ ان کا بھی آئرس اسکین مکمل کیا جا سکے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ آئرس اسکین کا مقصد شہریوں کی بائیومیٹرک شناخت کو مزید محفوظ اور مضبوط بنانا ہے، جس سے مستقبل میں شناختی تصدیق کا عمل زیادہ آسان، محفوظ اور مؤثر ہو سکے گا۔

ادارے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مفت سہولت سے بروقت فائدہ اٹھائیں تاکہ اپنی شناختی معلومات کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top