سوات کے شلخو سر میں دہشتگردوں کے خلاف پولیس آپریشن جاری، متعدد دہشتگرد ہلاک و زخمی

شہزاد نوید

سوات: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران سوات و بر سوات کی براہِ راست نگرانی میں شلخو سر کے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔

سوات پولیس کے مطابق آپریشن میں سوات پولیس، بر سوات پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں، جبکہ کارروائی دہشتگردوں کے خلاف مؤثر حکمت عملی کے تحت جاری ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔ پولیس نے دہشتگردوں کو گھیرے میں لے کر محصور کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان سوات پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران اب تک دہشتگردوں کے متعدد ساتھی ہلاک اور کئی زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ مزید کارروائی جاری ہے تاکہ علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کیا جا سکے۔

پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے کے دوران ایلیٹ فورس کے جوان گلفام نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : میٹرک نتائج کے منتظر طلبہ کے لیے پشاور بورڈ کا ضروری اعلان

پولیس نے شہید اہلکار کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کے قیام کے لیے سوات پولیس اپنے فرائض پوری ذمہ داری کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔

سوات پولیس ترجمان کے مطابق امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

ترجمان سوات پولیس نے کہا ہے کہ علاقے کی صورتحال اور آپریشن سے متعلق مزید معلومات وقتاً فوقتاً جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top