متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کےلیے ورک ویزا کا نیا طریقہ کار نافذ

پاکستانی شہریوں کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ورک ویزا کے حصول کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی کر دی گئی ہے۔

اماراتی حکومت کے نئے فیصلوں کے مطابق اب یو اے ای میں روزگار کے خواہش مند تمام پاکستانیوں کو ویزا کی درخواست کے ساتھ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی ہوگا۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق 20 جولائی 2026 سے اس نئی حکمت عملی پر باضابطہ طور پر عمل در آمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کا بنیادی مقصد ویزا کے نظام کو زیادہ شفاف اور محفوظ بنانا ہے تاکہ روزگار کے لیے آنے والے افراد کے متوقع سابقہ ریکارڈ اور کردار کی درست جانچ کی جا سکے۔

نئے ڈرافٹ کے تحت اماراتی ورک ویزا کے تمام پاکستانی درخواست گزاروں کو اپنے متعلقہ تھانے یا مجاز ملکی اداروں سے ‘گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا پڑے گا۔ اس دستاویز کو پاکستان میں قائم متحدہ عرب امارات کے ایمبیسی یا قنسلیٹ سے تصدیق کروانا بھی کارروائی کا لازمی حصہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیےاہم خبر

امیگریشن حکام نے بیرون ملک روزگار کے متلاشی افراد کو تنبیہ کی ہے کہ وہ تاخیر اور پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ویزا پراسیس شروع کرنے سے پہلے ہی اپنے تمام کوائف مکمل رکھیں۔ اس کے علاوہ شہریوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ جعلی ایجنٹوں اور فراڈ سے بچنے کی خاطر صرف حکومت سے منظور شدہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کی خدمات حاصل کریں تاکہ ان کا سفر اور روزگار محفوظ رہ سکے۔

Scroll to Top