خیبرپختونخوا میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نشست پر پولنگ جاری

شاہد جان
پشاور: خیبرپختونخوا میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین کی نشست ایل اے 45 ویلی 6 پر پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز اپنے نمائندے کے انتخاب کے لیے حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا بھر میں اس نشست کے لیے مجموعی طور پر 7 ہزار 655 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 4 ہزار 121 مرد اور 3 ہزار 534 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابات کے لیے صوبے میں مجموعی طور پر 41 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 5 مردانہ، 10 خواتین اور 26 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق پشاور میں 1 ہزار 520 رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 2 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : 5 اگست جلسہ، تیاریاں عروج پر ہیں، عوام کی بڑی شرکت ہوگی، شفیع جان

اس نشست پر 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔ خواجہ محمد دلاور وانی جموں و کشمیر مسلم کانفرنس اور مسلم لیگ (ن) کے مشترکہ امیدوار ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کے عبد الحمید بٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے عبد الماجد خان اور جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے مرزا خلیل الرحمن بیگ بھی میدان میں ہیں۔

آزاد امیدواروں میں بشیر احمد خان، محمد زریاب اور محمد فیاض شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں جبکہ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top