5 اگست جلسہ، تیاریاں عروج پر ہیں، عوام کی بڑی شرکت ہوگی، شفیع جان

شاہد جان

پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے 3 سال مکمل ہونے پر 5 اگست کو ہونے والے جلسے کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ صوبے بھر میں پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور پارٹی عہدیدار جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں ریلیاں اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق کارنر میٹنگز میں عوام کی بڑی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ 5 اگست کو پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ عمران خان کی رہائی کی تحریک میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمام تر مشکلات، جیل کی سختیوں اور دباؤ کے باوجود اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ سیاسی مقدمات اور دباؤ کے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : ایل پی ایل میں مزید دو پاکستانی کرکٹرز شامل، شاہین شاہ آفریدی لیگ سے دستبردار

ان کا دعویٰ تھا کہ عمران خان کو طویل عرصے سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور اہل خانہ، وکلا اور سیاسی قیادت کو ان تک رسائی نہیں دی جا رہی۔

شفیع جان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ظلم، جبر اور ناانصافی کی بنیاد پر نظام زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا، جبکہ عوام جلد موجودہ حکمرانوں سے نجات حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کا جلسہ عوامی طاقت کے اظہار کا موقع ہوگا اور پارٹی کارکنان اس کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔

Scroll to Top