سید فخر کاکاخیل
ہنگو: سیکیورٹی حکام کے مطابق ہنگو کے علاقے چھپڑی نریاب میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم کمانڈر احمد عرف امیر معاویہ ہلاک ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ احمد عرف امیر معاویہ خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا اور گزشتہ روز ہونے والے حملے میں ملوث دہشت گردوں میں شامل تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق امیر معاویہ کو تنظیم میں کمانڈر کاظم کے بعد اہم ذمہ داری حاصل تھی اور وہ علاقے میں سرگرم اہم کمانڈروں میں شمار ہوتا تھا۔
حکام نے بتایا کہ خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انجام تک پہنچایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 9 اہلکار شہید، 8 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ہنگو کے علاقے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی دیار خان سمیت 12پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد مارے گئے، جبکہ حملے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا۔





