یونان کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے والے 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، حادثے کے نتیجے ایک ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے 2 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے مغرب میں واقع پساتھا کے جنگلات میں آگ بجھانے کے دوران 2 ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکراگئے، ایک ہیلی کاپٹر دوسرے ہیلی کاپٹر کے نچلے حصے سے ٹکرایا، جس کے بعد وہ دھماکے سے پھٹ کر زمین پر آگرا۔
حادثے میں ایک ڈنمارک کا پائلٹ اور یونان کی فائر سروس کا افسر جان سے گئے جبکہ دوسرے ہیلی کاپٹر کے عملے کو بچا لیا گیا، فائر سروس کےحکام نے بتایا کہ عملے کے دونوں افراد کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ۔
رپورٹ کے مطابق سیکڑوں فائر فائٹرز ایتھنز کے مغرب میں لگی آگ کو شہر کے مضافاتی علاقوں تک پہنچنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ حکام نے تحقیقات مکمل ہونے تک علاقے میں تمام ہیلی کاپٹروں کی پروازیں معطل کر دی ہیں۔





