امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سوات میں دہشت گردی ناقابل برداشت ہے ،وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔
لاہور سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے سوات کے علاقے کبل میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی اور مطالبہ کیا کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سوات میں دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی تشویشناک اور ناقابل برداشت ہے،وفاقی اور صوبائی حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ ایسے واقعات کا دوبارہ سدباب ممکن ہو سکے۔





