عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، 7 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں جمعرات کو مسلسل چوتھے روز قیمتی دھات کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سونا 7 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 285 اعشاریہ 84 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو 18 جون کے بعد سونے کی بلند ترین سطح ہے۔

دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جو 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 345 اعشاریہ 80 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرتی رہی۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.1 فیصد اضافے کے بعد 62.16 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 1.7 فیصد اضافے کے ساتھ 1,764.10 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 1.1 فیصد بڑھ کر 1,377.83 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 27 ہزار 936 روپے کا ہوگیا

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں امریکی ڈالر کی کمزوری، امریکی ٹریژری بانڈز کی کم ہوتی ہوئی پیداوار اور آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے سے متعلق مثبت توقعات شامل ہیں۔

آئی جی مارکیٹس کے تجزیہ کار ٹونی سائکامور کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ممکنہ سفارتی پیش رفت کی امیدوں نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سونا اپنی 200 روزہ موونگ ایوریج سے اوپر مضبوط پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا تو قیمت 5 ہزار ڈالر فی اونس کی سطح کی جانب بڑھ سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر اور جغرافیائی سیاسی حالات آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top