فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور صومالیہ کے وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ

صومالیہ کے وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال، دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی روابط کو مزید فروغ دینے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، فوجی تربیت، استعدادِ کار میں اضافے اور پیشہ ورانہ روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز، دہشت گردی اور خطے کو درپیش دیگر خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے باہمی تعاون میں مزید اضافہ کریں گے۔

ملاقات کے دوران صومالیہ کے وزیر دفاع نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ صلاحیت، انسدادِ دہشت گردی اور امن کے قیام میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔

جسے عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صومالیہ کی سیکیورٹی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر یقین رکھتا ہے اور دوست ممالک کے ساتھ دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں فریقوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دفاعی تعاون، فوجی روابط اور مشترکہ تربیتی پروگراموں کے ذریعے پاکستان اور صومالیہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

Scroll to Top