پشاور میں نئی احساس پناہ گاہ کا افتتاح، مستحق افراد کے لیے مفت رہائش اور خوراک کی سہولت

پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سوشل ویلفیئر، زکوٰۃ، عشر و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے قریب سپین جماعت کے مقام پر نو تعمیر شدہ احساس پناہ گاہ (شیلٹر ہوم) کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر سوشل ویلفیئر ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ نئی پناہ گاہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی خصوصی ہدایت پر قائم کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی نے یونیورسٹی روڈ پر رات کے اوقات میں کھلے آسمان تلے سونے پر مجبور مزدوروں کی صورتحال کا نوٹس لیا تھا اور ان کے لیے قریبی مقام پر فوری طور پر پناہ گاہ قائم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ان کے مطابق نئی احساس پناہ گاہ اسی ہدایت پر عملدرآمد کی عملی شکل ہے۔

یہ سہولت محکمہ سوشل ویلفیئر، سپیشل ایجوکیشن اینڈ ویمن ایمپاورمنٹ، حکومت خیبر پختونخوا، ڈسٹرکٹ پشاور کی جانب سے قائم کی گئی ہے، جہاں مستحق افراد کو محفوظ اور باوقار ماحول میں عارضی قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

احساس پناہ گاہ میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال آنے والے مریضوں کے تیمارداروں، دیہاڑی دار مزدوروں اور صوبائی دارالحکومت پشاور سے گزرنے والے مسافروں کے لیے قیام کا انتظام کیا گیا ہے۔ مستحق افراد کو مفت رہائش کے ساتھ ساتھ خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔

پناہ گاہ کے کمروں میں دو منزلہ بستروں، یعنی بنک بیڈز، سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاکہ یہاں قیام کرنے والے افراد کو صاف ستھرا، محفوظ اور منظم ماحول میسر آسکے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 دہشت گرد ہلاک، کیپٹن حمزہ اکرم شہید

انتظامیہ کی جانب سے پناہ گاہ میں ہفتہ وار خوراک کا مینو بھی آویزاں کیا گیا ہے۔ رہائشیوں کو روزانہ ناشتے میں روغنی نان یا پراٹھا اور کالی چائے فراہم کی جائے گی، جبکہ رات کے کھانے کے لیے ہفتے کے مختلف دنوں کے مطابق الگ الگ غذائی مینو ترتیب دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد رہائشیوں کو معیاری اور متوازن خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق احساس پناہ گاہ ہفتے کے ساتوں دن شام 6 بجے سے صبح 9 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی، جہاں مقررہ اوقات کے دوران مستحق افراد کو رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر سوشل ویلفیئر ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ یہ پناہ گاہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں قائم کی جانے والی احساس پناہ گاہوں کے توسیع پذیر نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک صوبائی حکومت کے سوشل ویلفیئر پروگرام کے تحت مستحق افراد کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احساس پناہ گاہوں کے قیام کا مقصد ان افراد کو عارضی سہارا فراہم کرنا ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر رات گزارنے کے لیے مناسب جگہ سے محروم ہوتے ہیں۔

افتتاح کے بعد مشیر سوشل ویلفیئر نے پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے بیڈ رومز، کچن اور دیگر دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں رہائش پذیر افراد کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کا بھی معائنہ کیا۔

Scroll to Top