اسلام آباد: پاکستان میں آج 11 اگست کو قومی اقلیتی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اقلیتی برادری کے حقوق کو اجاگر کرنے اور ملکی تعمیر و ترقی میں ان کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
قومی اقلیتی دن بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کو قانون ساز اسمبلی میں کیے گئے تاریخی خطاب اور اس عہد کی یاد دلاتا ہے، جس میں انہوں نے تمام شہریوں کے لیے بلاامتیاز مساوی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی کے اصول پر زور دیا تھا۔
پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ مسیحی برادری قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دینے کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی اور جشن آزادی کی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیتی ہے۔
ہندو اور سکھ برادریوں کی جانب سے بھی پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی شہری حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہونے پر اطمینان، خوشی اور اعتماد کا اظہار کیا جاتا ہے۔ ان برادریوں کی جانب سے پڑوسی ملک بھارت میں اقلیتوں کو درپیش مظالم کے تناظر میں پاکستان میں حاصل حقوق اور آزادی کو بھی اہم قرار دیا جاتا ہے۔
پاکستان میں قومی اقلیتی دن منانے کا آغاز 11 اگست 2009 کو اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور حکومت میں ہوا۔ ہر سال اس دن کی مناسبت سے اقلیتوں کے حقوق کو اجاگر کیا جاتا ہے اور ملکی ترقی میں اقلیتی برادری کی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔
اقلیتیں برابر کی شہری ہیں، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری پاکستان کی برابر کی شہری ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اقلیتی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اقلیتی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ قومی اقلیتی دن بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور آئین پاکستان میں درج مساوات، آزادی، انسانی وقار اور شمولیت کے اصولوں سے تجدید عہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کی تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت
قومی اقلیتی دن کی مناسبت سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی سمیت متعدد سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں سینیٹرز طاہر خلیل سندھو، بشریٰ انجم بٹ، فیصل سلیم رحمان، شہادت اعوان، ناصر بٹ اور کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ ارکان اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی اور سیکرٹری سینیٹ سید حسنین حیدر سمیت پارلیمنٹیرینز، پارلیمنٹیرینز مینارٹیز کاکس کے ارکان، سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی، انسانی وقار اور شمولیت کے اصولوں کو اہمیت حاصل ہے۔





