حکومت نے نئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے تقریباً ایک چوتھائی صدی کے طویل عرصے بعد نئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026کی منظوری دے دی ہے۔ ملک کی سابقہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2001 میں منظور کی گئی تھی۔

وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں منظور کی جانے والی اس نئی پالیسی کا بنیادی وژن تمام شہریوں کے لیے مناسب، سستی اور پائیدار رہائش کی فراہمی کو فروغ دینا ہے۔

پالیسی کا بنیادی مقصد عوام کے لیے رہائشی مواقع، بنیادی سہولیات اور معاون انفرااسٹرکچر تک آسان رسائی کو یقینی بنانا ہے۔نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے شعبے کے اہم پہلوؤں کااحاطہ کرنے کے لیے 9 واضح موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔

اس تاریخی پیشرفت پر وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے پالیسی دستاویز کی تیاری پر وزارت کے پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی کی تشکیل میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ جنرل عامر رضا کو نشان امتیاز ملٹری اعزاز سے نوازا گیا

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ 25 سالوں سے جامع ہاؤسنگ پالیسی سے محروم تھا،یہ نئی پالیسی ملک میں ہاؤسنگ کی کمی، شہری چیلنجز سے نمٹنے اور ملک بھر میں سستی و پائیدار رہائشی ترقی کے لیے ایک واضح سمت متعین کرے گی۔

Scroll to Top