بینک تین دن بند رہیں گے، بڑی وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد: رواں ہفتے بینکوں اور مالیاتی اداروں میں مسلسل تین روز تعطیلات ہوں گی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق 14، 15 اور 16 اگست کو بینک، اسٹیٹ بینک اور اسٹاک ایکسچینج معمول کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے بند رہیں گے۔

سرکلر کے مطابق جمعہ 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث بینکنگ اور مالیاتی اداروں میں معمول کا کاروبار نہیں ہوگا۔

یوں بینک صارفین کو رواں ہفتے مسلسل تین دن بینک برانچز کی بندش کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نقد رقم نکلوانے، چیک جمع کرانے، بینک ڈرافٹ یا برانچ سے متعلق دیگر ضروری کام تعطیلات سے قبل مکمل کرلیں۔

تاہم تعطیلات کے دوران بینکوں کی تمام سہولیات بند نہیں ہوں گی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق اے ٹی ایمز اور آن لائن بینکنگ سروسز فعال رہیں گی، جن کے ذریعے صارفین رقم نکلوانے، فنڈز کی منتقلی، بلوں کی ادائیگی اور دیگر دستیاب ڈیجیٹل سہولیات استعمال کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان میں فائرنگ، ایک خاتون سمیت 2 افراد زخمی

آن لائن اور موبائل بینکنگ استعمال کرنے والے صارفین بھی معمول کے مطابق اپنی ضروری مالی سرگرمیاں انجام دے سکیں گے، تاہم بعض ٹرانزیکشنز کی پراسیسنگ بینکوں کے معمول کے اوقات بحال ہونے کے بعد ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک اور اسٹاک ایکسچینج بھی تینوں دن بند رہیں گے، جس کے باعث مالیاتی مارکیٹ میں معمول کی کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

تین روزہ تعطیلات کے بعد بینک اور مالیاتی ادارے پیر سے معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گے۔

Scroll to Top