سوراب : فتنہ الہندوستان کی جانب سے بارودی مواد تیار کرنے کے دوران دھماکہ،18دہشتگرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق،آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع سوراب میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے بارودی گاڑی تیار کرنے کے دوران قبل از وقت دھماکا ہوگیاجس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست 2026 کی صبح فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بارودی گاڑی تیار کر رہے تھے کہ اسی دوران دھماکا ہوگیا۔ قبل از وقت دھماکے کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

دھماکے اور دہشتگردوں کی جانب سے وہاں ذخیرہ کیے گئے دیگر دھماکا خیز مواد کے پھٹنے کے باعث قریب موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے جامع مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان واقعات میں اب تک فتنۃ الہندوستان سے وابستہ مجموعی طور پر 18 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 بہادر جوان بھی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف مسلسل کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Scroll to Top