اسلام آباد: جشنِ آزادی میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں اور پاکستان سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سج گیا۔
14 اگست کو پاکستان کا یومِ آزادی منایا جائے گا، جس کے لیے شہریوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ محبِ وطن شہری آزادی کے دن کو بھرپور جذبے کے ساتھ منانے کے لیے خریداری اور دیگر تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ گھروں کی چھتوں اور عمارتوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔ مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، بیجز اور دیگر آرائشی اشیا کی بہار ہے۔
جشنِ آزادی کے لیے سجائے گئے عارضی بازاروں میں گہما گہمی بڑھ گئی ہے اور بڑوں کے ساتھ بچوں کی بڑی تعداد بھی خریداری کے لیے پہنچ رہی ہے۔
مختلف اسٹالز پر بڑے قومی پرچموں اور جھنڈیوں کے علاوہ بچوں کے لیے ماسک، بیجز، گھڑیاں اور سبز و سفید ٹوپیاں بھی دستیاب ہیں۔
کسی شہری کو گاڑی کے لیے قومی پرچم درکار ہے تو کوئی موٹرسائیکل کو سبز ہلالی جھنڈی سے سجانے میں مصروف ہے۔ بعض افراد گھروں کی سجاوٹ کے لیے بڑے پرچم خرید رہے ہیں جبکہ کئی شہری چھوٹی جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیا کی خریداری کر رہے ہیں۔ خواتین اور بچیوں کے لیے سبز ہلالی رنگ کی چوڑیاں بھی خریداروں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 79ویں جشنِ آزادی کی تیاریاں، شبِ آزادی کے لیے شاندار ٹیزر جاری
یومِ آزادی کی مناسبت سے سبز اور سفید ملبوسات بھی بچوں میں خاص مقبول ہیں۔ بچیاں سبز و سفید فراکس اور جیولری خرید رہی ہیں جبکہ ننھے بچے چاند تارے والی شرٹس اور دیگر قومی رنگوں کے ملبوسات لینے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
بچوں کا کہنا ہے کہ وہ 14 اگست بھرپور جوش و جذبے سے منائیں گے، سبز اور سفید لباس پہنیں گے اور دوستوں کے ساتھ آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں انجوائے کریں گے۔
والدین بھی بچوں کے ساتھ خریداری تک محدود نہیں بلکہ انہیں یومِ آزادی کی اہمیت اور وطن سے محبت کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں۔
والدین کے مطابق جشنِ آزادی کی خوشیاں منانے کے ساتھ بچوں میں ملک و قوم سے محبت کا جذبہ اجاگر کرنا بھی ضروری ہے، جبکہ 14 اگست کو بھرپور انداز میں جشن منایا جائے گا۔
ایک جانب شہری جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب عارضی اسٹالز لگانے والے دکانداروں کی بھی چاندی ہوگئی ہے اور قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز اور سبز و سفید ملبوسات کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آگئی ہے۔





