اسلام آباد میں یادگارفتح کی شاندار افتتاحی تقریب، صدر مملکت، وزیراعظم اورفیلڈمارشل کی شرکت

وفاقی دارالحکومت میںیادگارِ فتح کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی ۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہواجس کے بعد یادگارِ فتح کی تعمیر کی کہانی پر مبنی دستاویزی ویڈیو پیش کی گئی۔

بعد ازاں تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےیادگارِ فتح کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس پروقار تقریب میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر دفاع، وزیر خارجہ، صوبائی گورنرز، وفاقی وزرا، سروسز چیفس اور غیر ملکی سفارت کار بھی موجود تھے۔

تقریب میں مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستوں نے شرکت کی جو قومی اتحاد اور یکجہتی کا شاندار مظاہرہ تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کےدوران پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج یوم آزادی مناتے ہوئے ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں آزاد وطن عطا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کے اندھیروں سے نکال کر آزادی کی روشنی سے ہمکنار کیا۔ قیام پاکستان کے لیے قوم نے جان و مال کی عظیم قربانیاں دیں، ماؤں، بیٹوں اور بیٹیوں نے قربانیاں پیش کیں اور یوں پاکستان ایک آزاد ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مینار پاکستان اسی عظیم عزم کی زندہ علامت ہے جو قوم کو قیام پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یادگارِ فتح مسلح افواج کے زورِ بازو اور دشمن کے مقابلے میں ان کی برتری کی علامت ہے۔ یہ یادگار دفاعِ وطن کے لیے قوم اور مسلح افواج کے عزم اور قربانیوں کی بھی عکاسی کرتی ہے۔فیلڈ مارشل نے میدان جنگ میں شجاعت کا بہترین مظاہرہ کیااور مشرق وسطٰی میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ، بھارت باز نہ آیا تو براہ راست جواب دیا جائے گا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور دفاع وطن کے جذبے پر فخر ہے۔

Scroll to Top