پشاور: خیبر پختونخوا کے مزید چار تاریخی مقامات کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست (Tentative List) میں شامل کرلیا گیا ہے، جسے صوبائی حکومت نے خطے کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
یونیسکو کی عارضی فہرست میں ہری پور کا بھامالا، پشاور کے سیٹھی ہاؤس اور گور گٹھری جبکہ سوات کا بریکوٹ شامل ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے اس پیشرفت کو صوبائی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خیبر پختونخوا کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کی اہمیت عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوگی۔
شفیع جان کے مطابق بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کیرولائن لیوٹ نے استعفیٰ صدر ٹرمپ سے دلبرداشتہ ہونے پر دیا، ایرانی سفارتخانہ
صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا شاندار ثقافتی ورثہ صوبے کا فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے امانت ہے، جبکہ تاریخی ورثے کا تحفظ، بحالی اور اسے عالمی سطح پر متعارف کرانا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیسکو کی عارضی فہرست میں مزید چار مقامات کی شمولیت سے ان تاریخی ورثوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور ان کی اہمیت اجاگر کرنے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔





