شاکر خان
شمالی وزیرستان: سیاحتی اور خوبصورت علاقے رزمک میں قیمتی اور قدرتی جنگلات کی مبینہ بے دریغ کٹائی پر مقامی شہریوں نے شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
رزمک کو اس کی سرسبزی، دلکش مناظر اور قدرتی حسن کے باعث “چھوٹا لندن” بھی کہا جاتا ہے، تاہم مقامی افراد کے مطابق جنگلات کی مسلسل کٹائی کے باعث یہ خوبصورت علاقہ ماحولیاتی تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ رزمک کی وادی کا قدرتی حسن، صاف ہوا اور سرسبزی انہی جنگلات کی وجہ سے قائم ہے، جبکہ درختوں کی بے دریغ کٹائی سے نہ صرف ماحول متاثر ہوگا بلکہ موسمی توازن بھی بگڑ سکتا ہے۔
مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ جنگلات کی حفاظت کے ذمہ دار اداروں، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مبینہ طور پر مؤثر کارروائی نہیں کی جارہی، جس کے باعث قیمتی درختوں کی کٹائی اور لکڑی کی مبینہ اسمگلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں ٹرک الٹنے سے ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی
شہریوں نے متعلقہ محکموں کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اہلیانِ وزیرستان نے صوبائی حکومت، اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان سے مطالبہ کیا ہے کہ رزمک کے قدرتی جنگلات کے تحفظ کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ اس خوبصورت وادی کو ماحولیاتی تباہی سے بچایا جاسکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو رزمک کا قدرتی حسن اور قیمتی جنگلات ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار ہوسکتے ہیں۔





