خیبر پختونخوا میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم، اسکول آج سے کھل گئے

سلمان یوسفزئی

پشاور: خیبر پختونخوا کے سمر زون میں مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات ختم ہوگئیں، جس کے بعد تعلیمی ادارے آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے اسکولوں میں مارننگ اسمبلی معطل کرنے کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سمر زون کے مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں 17 اگست سے 31 اگست 2026 تک مارننگ اسمبلی نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران اسکولوں میں صبح کی اسمبلی منعقد نہیں کی جائے گی، جبکہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کا جعلی نوٹیفکیشن وائرل

دوسری جانب ونٹر زون کے پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکول اپنے موجودہ معمول اور ٹائم ٹیبل کے مطابق چلیں گے۔

محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم ستمبر 2026 سے صوبے کے تمام اسکول معمول کے روٹین اور ٹائم ٹیبل کے مطابق کام کریں گے۔

نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ ضلعی تعلیمی افسران اور مانیٹرنگ افسران کو ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اعلامیہ ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

Scroll to Top