عائزہ خان اور دانش تیمور کی علیحدگی؟ اداکارہ نے خاموشی توڑ دی

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے شوہر دانش تیمور سے علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر پہلی بار اپنا ردعمل دے دیا ہے۔

حالیہ دنوں میں عائزہ خان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔ اداکارہ نے اپنے شوہر دانش تیمور کے ہمراہ موجود تقریباً تمام تصاویر اکاؤنٹ سے ہٹا دی تھیں، تاہم ایک پوسٹ تاحال موجود تھی۔ اس تبدیلی کے بعد مداحوں میں مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔

عائزہ خان کی جانب سے دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کے فائنل کی سنیما پریمیئر تقریب میں شرکت نہ کرنے کے بعد یہ چہ مگوئیاں مزید شدت اختیار کرگئیں۔ سوشل میڈیا پر دونوں کی علیحدگی سے متعلق مختلف دعوے تیزی سے گردش کرنے لگے۔

تاہم اب عائزہ خان نے ایک فین پیج کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا براہ راست جواب دیتے ہوئے علیحدگی اور طلاق کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر ان کی طلاق یا علیحدگی سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور جعلی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کھلے مین ہول نے ایک اور ماں کا لختِ جگر چھین لیا

اداکارہ کے اس ردعمل کے بعد مداحوں کی جانب سے بھی مختلف تبصرے سامنے آئے۔ بعض صارفین نے عائزہ خان اور دانش تیمور کی جوڑی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے علیحدگی نہ کرنے کی اپیل کی، جبکہ کچھ مداحوں نے سوال اٹھایا کہ اگر علیحدگی کی خبریں بے بنیاد ہیں تو عائزہ خان نے دانش تیمور کے ساتھ تصاویر کیوں ہٹائیں۔

واضح رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور کا شمار پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑیوں میں ہوتا ہے اور دونوں کی ازدواجی زندگی سے متعلق کسی بھی خبر کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے خاص توجہ دی جاتی ہے۔

Scroll to Top